نئی دہلی،8/فروری(ایس او نیوز/یواین آئی)سپریم کورٹ نے دہلی میں ہفتے کو ہونے والے انتخابات کے پیش نظر شاہین باغ معاملوں کی سماعت پیر تک کے لئے ملتوی کردی ہے۔جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس کے ایم جوزف کی بینچ نے جمعہ کو وکیل امیت ساہنی اور بھارتیہ جنتاپارٹی کے سابق رکن اسمبلی نند کشور گرگ کی عرضیوں کی سماعت یہ کہتے ہوئے پیر تک کے لئے ملتوی کردی کہ وہ اس معاملے کی سماعت اس دن زیادہ بہتر طریقے سے کرسکے گی۔ گرگ کی جانب سے پیش وکیل ششانک دیو سودھی نے بینچ کے سامنے دلیل پیش کی کہ دہلی میں اسمبلی انتخابات کل ہونے ہیں۔اس پر جسٹس کول نے کہاکہ بالکل صحیح سمجھا آپ نے۔اس لئے سماعت پیر کو ہی ہوگی۔عرضیوں میں کہاگیا ہے کہ شاہین باغ میں جاری احتجاجی مظاہرے کی وجہ سے دہلی -نوئیڈا کو جوڑنے والی سڑک کو بند کردیاگیاہے جس سے لوگوں کو کافی پریشانی ہورہی ہے۔عرضی میں احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کی وجہ سے لگنے والی مکمل پابندیوں کے سلسلے میں وسیع اور مکمل ہدایت طے کرنے کا مطالبہ کیاگیاہے۔